دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

سلیم انور عباسی

26 اگست, 2018

صدیوں سےقلعہ بند دفاعی دیواروںنے دنیا بھر میں شہروں کی حفاظت کی ہے،دنیا کا شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو جس نے بیرونی حملہ آوروں سے حفاظت کےلیے دفاعی اقدامات نہ کیے ہوں۔ انگریزوں کو بھی کراچی اور حیدرآباد فتح کرنے کے لیے قلعہ منوڑہ اور پرانا قلعہ فتح کرنا پڑا۔ کولمبیا سے چین اور فرانس تک اب بھی ایسے شاندار قلعہ بند شہر موجود ہیں، جو ماضی کی عظمت کو حال کے ساتھ اس طرح دیدہ زیب بناتے ہیں کہ آپ دیکھ کر حیران ہوجائیں گے۔ یہ قابلِ اعتماد قلعہ بند شہر عظمتِ رفتہ کی بہترین علامت ہیں، جن کا احوال ذیل میں دیا جارہا ہے۔

کارٹجینا، کولمبیا

دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

یہ شہر ‘لاس مرال کے نام سے جانا جاتا ہے، کارٹجینا شہر کی دیواریں جنگوں کے دوران صدیوں سے اہم دفاعی مورچہ رہی ہیں۔ شہر کی حفاظت کے لئے دیواروں کی تعمیر16ویں صدی میں شروع ہوئی اور ان کو مکمل کرنے کے لئے تقریباً200سال لگ گئے۔ 

یہ دیواریں اب بھی کارٹجینا کے پرانے ضلع کوجدا کرتی ہیں۔ سات میل طویل ان دیواروں نے قزاقوں ،دشمنوں کے حملوں اورقدرتی طوفانوں کے خلاف مضبوط مورچے کا کام کیاہے۔ کارٹجیناکی ان دیواروں اور قلعہ کا شمار جنوبی امریکا کے سب سے زیادہ جامع قلعوں میں ہوتا ہے۔

تاروڈنٹ، مراکش

دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

مراکش خوبصورت قلعہ بند شہروں سے بھرا ہوا ہے۔ تاروڈنٹ سب کے مقابلے میں زیادہ شاندار ہے۔ ضلع کی حیثیت رکھنے والایہ قلعہ بند شہر بربرآباد کاروں کے مکانات پر مشتمل ہے، جو اعلیٰ ٹیراکوٹا سرخ دیواروں سے گھرا ہوا ہے اور سوس ویلی میں بلند ترین پہاڑیوں کے پس منظر میں قائم ہے۔ اس کی دیواریں جو 16 ویں صدی میں تعمیر کی گئیں، ملک میں سب سے زیادہ اچھی طرح سے محفوظ ہیں۔ دیواروں کے پیچھے بازار، پرسکون دھول سے اٹی سڑکیں اورخاموش مراکشی ثقافت سینکڑوں برس سے یہاں قائم ہے،جسے تاحال کسی نے پریشان نہیں کیا۔

 ڈوبرووِنک، کرویشیا

دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

ڈوبرووِنک دنیا بھر میں قلعہ بند شہروں کے لئے پوسٹر ہے۔ جنوب مشرقی یورپ میںواقع یہ خوبصورت قرون وسطیٰ کا شہر ہر سال ہزاروں سیّاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، جو’ایڈریاٹک کا موتی‘دکھائی دینے والی ان سفید دیواروں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ پرانے ضلع کے اندر دیواروں کے ساتھ تعمیر شدہ ٹاورز، گرجا گھروں اور محلوں نے 1979ء میں یونیسکو سے ڈوبرووِنک کی عالمی ثقافتی ورثہ کی حیثیت منوالی۔ آپ چھتوں کے ساتھ ساتھ چلتے ہوئے سمندر کے خوبصورت نظاروں سےلطف اندوز ہوسکتے ہیں اور دیوار کے ساتھ متصل دکانوں سے شاپنگ کرسکتے ہیں۔

یارک، برطانیہ

دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

شہرِخواب یارک کا دعویٰ ہے کہ یہ برطانیہ میں قدیم ترین اور سب سے طویل قلعہ بندشہری نظاموں میں سے ایک ہے۔ رومیوں نے یہاں پہلی صدی میں حفاظتی دیواروں کی تعمیر کی، جس کے آثار اب بھی باقی ہیں۔ 13ویں صدی کی تعمیرات اب بھی آپ کو یہاں ملیں گی۔ یارک کی شہری دیواریں 3.4کلو میٹر پر محیط ہیں، جو شاندارطرزِتعمیر کی عکاس ہیںاور راستے میں قائم45 مینار اس کی خوبصورتی کو بڑھاوا دیتے ہیں۔ اس کے کئی داخلی دروازے بھی ہیں۔ مخصوص دنوں میں کئی ٹاورز عوام کے لئےکھولے جاتے ہیں۔

اتچن کالا، ازبکستان

دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

اتچن کالاازبکستان کے سلک روڈ شہروں میں سے ایک کھیوا کے اندرقلعہ بند شہر کا نام ہے۔ اس قلعہ کی ابھرتی ریتلی رنگ کی دیواروں کی لمبائی 2 کلومیٹر تک جاتی ہے ،جوآگے چل کرکئی حصوں میں 10 میٹر بلند ہوجاتی ہے، راستے میں بڑے خمیدہ مینار نصب ہیں۔ اندرونی قدیم شہر کو جس شاندار اندازمیں محفوظ کیا گیا ہے، اکثر اس کی تعریف کی جاتی ہے۔مساجد، بھول بھلیاں اور مینار و محلات راستے دیکھنے والوں کو مسرت سے سرشار کرتے ہوئے ماضی کے اس عظیم دور میں لے جاتے ہیں، جب معماروں نے اس شہر کو تعمیراتی جمالیات کا مرقع بنایا تھا۔

کارکوسن، فرانس

دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

1997ء میں یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیے جانے والے کارکوسن کا شمار یورپ کے عظیم قلعہ بند شہروں میں ہوتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہاں قلعہ بند آبادی رومیوں کی آمدسے پہلے سےموجود ہے لیکن آج ہم بڑے دفاعی مورچے پر مبنی قرون وسطیٰ کے دور کا قلعہ ملاحظہ کرتےہیں۔ حفاظتی دیوار پرانے شہر کے ارد گرد 2 میل تک چلی جاتی ہے، اس کے ساتھ 50سے زائدنگرانی کرنے والے مینار ایستادہ ہیں۔ ان تاریخی دیواروں کو محفوظ کرنے کےلیے جامع تحفظ کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔

مڈینا، مالٹا

دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

چھوٹا لیکن کمالِ فن سے بنایا گیا مالٹا میں Mdina، یورپ کے سب سے خوبصورت دیوار نما شہروں میں سے ایک ہے اور ان میں سے چند اصل حالت میں موجود ہیں۔ سائز میں یہ دیواری شہر ایک مربع کلومیٹر سے بھی کم ہے۔ 

مڈینا کو اکثر ‘خاموش شہر کہا جاتا ہے کیونکہ صرف چند گاڑیوں کو اس کی حدود سے گزرنےکی اجازت دی جاتی ہے،یہاں تقریبا 250 لوگ رہائش پذیر ہیں۔ خیال ہے کہ یہ شہر چار ہزار سال قدیم ہے اور کبھی مالٹا کا پرانا دارالحکومت ہوا کرتا تھا۔ آج مڈینا کیتھیڈرلز، محلات اورتنگ گلیوں کا سحر انگیز امتزاج ہے۔

ژیان، چین

دنیا کے شاندار قلعہ بند شہر

ژیان، چین کےعظیم قدیم شہروں میں سے ایک ہے،جو ملک پر حکومت کرنے والی کئی سلطنتوں کے ٹیرا کوٹا جنگجوؤں کا گھر ہے اور شاہراہِ ریشم کا انتہائی مشرقی نقطہ ہے۔ ژیان کی حفاظتی دیواریں دروازوں اور میناروںکی قطار بناتی ہوئی پرانے شہر کے ارد گرد 12 میٹر اونچائی، 15 میٹر چوڑائی اور 14 کلومیٹر لمبائی میں چلی جاتی ہیں۔ یہ منفرد اور متاثر کن دیواریں دنیا بھر کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ سیاحوں کے لیے اس شہر میں سیر و تفریح کے کئی سامان ہیں۔ بہت سے لوگ ان دیواروںپر سائیکل چلاتے ہوئے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter