اتراکھنڈ میں دہرادون کے وکاس نگر میں ایک اسکولی طالبہ سے اسی کے اسکول کے طلبا کے ذریعے اجتماعی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ جی آر ڈی ورلڈ اسکول کا ہے۔ اجتماعی عصمت دری اسکول احاطے میں ہی کی گئی ہے۔ معاملے کا انکشاف تب ہوا جب طالبہ نے پیٹ میں درد کی شکایت درج کرائی۔ اسکول انتظامیہ پر معاملے کو دبانے کی کوشش کے الزام لگ رہے ہیں۔
فی الحال جی آر ڈی ورلڈ اسکول کی ڈائریکٹر اور پرنسپل سمیت نو لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار لوگوں میں چاروں نابالغ طلبا شامل ہیں۔ متاثرہ دہلی کی رہنے والی ہے۔ اس کا الزام ہے کہ 14 اگست کو اسی کے اسکول میں دسویں اور 12ویں کے چار طلبا نے مل کر اس کی اجتماعی عصمت دری کی۔ اس نے اسکول انتظامیہ سے اس بارے میں شکایت بھی کی لیکن اس بارے میں کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔
یہ معاملہ چائلڈ تحفظ کمیشن میں پہنچنے کے بعد کمیشن نے انتظامیہ اور پولیس سے اس معاملہ میں سخت کارروائی کی وکالت کی ہے۔ کمیشن کی صدر نے پورے معاملے کیلئے اسکول انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
چائلڈ تحفظ کمیشن کی صدر اوشا نیگی نے کہا کہ اس معاملے کیلئے اسکول انتظامیہ ذمہ دار ہے۔ لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ اسکول کی ڈائریکٹر اس پورے معاملے کی جانکاری نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے خود کو بے قصور بتا رہی ہیں۔
بہر حال پولیس نے اس معاملے میں ملزم طلبا کے ساتھ ساتھ اسکول انتظامیہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کا دعوی ہے کہ اسکول انتظامیہ نے اس معاملے کو دبانے کے ساتھ ۔ ساتھ چھپانے کا بھی جرم کیا ہے۔
آپ کی راۓ