پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ہاں گزشتہ روز بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کے بعد سے دونوں اسٹارز کو نا صرف پاکستان اور بھارت سے مبارک بادیں وصول ہورہی ہیں بلکہ دنیا بھر سے انہیں نیک تمنائوں کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔
گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرشعیب ملک نے پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے کا نام رکھ دیا گیا ہے۔ پاکستانی آل رائونڈر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’وہ، ثانیہ مرزا اور ان کے اہل خانہ دل کی گہرائیوں سے اُن تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے بیٹے کی پیدائش پرنیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ ‘
اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ہمارے بیٹے کا نام ’اذہان مرزا ملک‘ ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک اورنئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے کہ مرزا ملک کی شہریت کیا ہوگی ؟ وہ بھارتی کہلائے گا یا پاکستانی؟ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر نونک جھونک جاری ہے۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ شعیب ملک اور ثانیہ مزرا کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی ہے۔ اور چونکہ شعیب ملک چاہتے ہیں کہ اُن کا بیٹا بھارتی کہلائے اس لیے اس کی پیدائش یہیں (بھارت) میں ہوئی ہے۔
ایک اور کستوری شنکر نامی صارف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے بیٹے کی پیدائش بھارت میں ہوئی ہے تو اس لیے وہ یہیں کا شہری ہوگا۔
روبینہ جان نامی ایک خاتون صارف کا بھی یہی کہنا ہے کہ شعیب ملک کی خواہش تھی کہ اُن کے بچے کی شہریت بھارتی ہو اسی لیے وہ یہاں پیدا ہوا ہے۔
اسی حوالے سے اور بھی ٹوئٹز سامنے آرہے ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ یہ بچہ بھارت میں پیدا ہوا ہےتو اسی لیے یہ ’بھارتی‘ ہی کہلائے گا۔
واضح رہے بچے کی شہریت کے حوالے سے شعیب ملک نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہمارے لیے یہ معنی نہیں رکھتا کہ بچے کی شہریت کہاں کی ہوگی، اس کی شہریت نہ پاکستان کی ہوگی اور نہ ہی بھارت کی ہوگی بلکہ اس کی شہریت کسی تیسرے ملک کی ہوگی۔
آپ کی راۓ