نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں 47 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں1-0 سے برتری حاصل کرلی ہے۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 267 رنز کا ہدف دیا،گرین شرٹس 47 اعشاریہ 2 اوورز میں 219 پر ڈھیر ہوگئی، نمایاں بیٹسمینوں میں کپتان سرفراز احمد 64، عماد وسیم 50، امام الحق 34 اور شعیب ملک کے 30 رنز شامل ہیں۔
ابوظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 50 اوورز میں روس ٹیلر کے 80 اور ٹام لیتھم کے 68 رنز کی بدولت 9 وکٹ پر 266رنز بنائے۔
گرین شرٹس کی طرف سے شاداب خان ،شاہین شاہ آفریدی نے 4،4 اور عماد وسیم نے روس ٹیلر کی بڑی وکٹ اپنے نام کی ۔
ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی طرف سے امام الحق اور فخرزمان نے اننگز اوپن کی،تاہم 8 کے اسکور پر ٹرینٹ بولٹ کی تین گیندوں پر فخر زمان، بابر اعظم اور محمد حفیظ پویلین لوٹ گئے اور ٹی 20سیریز میں کلین سوئپ فتح سے ہمکنار رہنے والی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔
ایک ساتھ 3 وکٹ گر جانے کے بعد اوپنر امام الحق نے سینئر بیٹسمین شعیب ملک کے ساتھ مل کر انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور اسکور 71 رنز تک پہنچایا، تاہم بائونڈری لگانے کی کوشش میں پاکستانی اوپنر 34 رنز پر کیچ آئوٹ ہوگئے،ان کی وکٹ فرگوسن کے حصے میں آئی ۔
فرگوسن کے اسی اوور میں شعیب ملک نے بھی امام الحق کی غلطی دہرائی اور بائونڈری لگانے کی کوشش میں 30 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوگئے، یوں یک بعد دیگر مزید کھلاڑی آئوٹ ہونے کے بعد گرین شرٹس پر دبائو بڑھ گیا۔
پاکستان کی چھٹی ویں وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر شاداب خان کی گری جو صرف7 رنز بنا سکے،انہیں ساوتھی نے میدان سے واپسی کا راستہ دکھایا۔
ساتویں وکٹ پر کپتان سرفراز احمد نے عماد وسیم کے ساتھ مل کر اسکور میں 103 رنز کا اضافہ کیا،سرفراز احمد نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی،وہ 69 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر گرینڈ ہوم کا شکار بن گئے،یوں پاکستان نے 188 کے اسکور پر اہم وکٹ کھودی۔
آٹھویں وکٹ پر عماد وسیم اور حسن علی نے اسکور میں 31 رنز کا اضافہ کیا، اس بار ٹم ساوتھی نے عماد وسیم کو نصف سنچری میکر کو آئوٹ کردیا،وہ 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔
219 کے اسکور پر پاکستان کے نویں وکٹ گر گئی،حسن علی 16 رنز بناکر کیچ آئوٹ ہوگئے۔
دسویں وکٹ بھی 219 کے اسکور پر گر گئی فرگوسن نے شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بھی اپنے نام کرلی۔
نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ اور فرگوسن نے 3،3 اور گرینڈ ہوم 2 وکٹ اپنے نام کیں۔
آپ کی راۓ