مولانا عبدالوہاب خلجی ایک ہمہ گیر و ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے: مولانا عبدالعظیم مدنی

مولانا عبدالوہاب خلجی کی حیات و خدمات سے متعلق خصوصی شمارے کا اجراء

27 دسمبر, 2018

کرشنا نگر- کئیر خبر

ماہنامہ نور توحید کرشنا نگر، نیپال نے معروف عالم دین مولانا عبدالوہاب خلجی کی حیات و خدمات سے متعلق اشاعت خاص کا اہتمام کیا، جس کی تقریب اجراء مرکز التوحید جامعہ خدیجۃ الکبریٰ جھنڈانگر نیپال میں عمل میں آئی، اس موقع پر علماء کرام نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا:
مدیر مسؤل ماہنامہ نورتوحید مولانا عبدالعظیم مدنی جھنڈانگری نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا: تقریب اجراء کے پر مسرت موقع پر ہم آپ حضرات کا صمیم قلب سے استقبال کررہے ہیں، اسلاف کرام بزرگان دین اور علماء عظام کے کارناموں کو اجاگر کرنے اور آئندہ نسلوں تک ان کی خدمات پہونچانے کے لئے ماہنامہ نورتوحید نے خصوصی کردار ادا کیا ہے، آج کی یہ تقریب اس روایت کو زندہ کرنے کی ایک ادنی کوشش ہے، اشاعت خاص کا اہتمام کس قدر دشوار ہوتا ہے اس کا اندازہ وہی کرسکتے ہیں جو ان امور سے وابستہ ہیں، اللہ کا فضل خاص ہے کہ یہ مرحلے آسانی سے طے پارہے ہیں، ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور مضمون نگار حضرات کے ممنون ہیں جنہوں نے اس شمارہ کو سنوارنے کی بھرپور سعی فرمائی۔
مولانا عبدالمنان سلفی نے کہا: مولانا عبدالوہاب خلجی جیسی تنظیمی صلاحیت کے مالک دور دور تک نظر نہیں آتے، آپ نے جمعیۃ و جماعت اور قوم و ملت کی بھر پور خدمات انجام دی، فطری طور سے قیادت کی تمام خوبیاں قدرت نے ان کے اندر ودیعت کردی تھیں، بلند نگاہی، سخن کی دلنوازی اور ملت و جماعت کے لئے جاں سوزی جیسی صفات سے بہرہ ور تھے، ماہنامہ نورتوحید کے مدیر مسؤل مولانا عبدالعظیم مدنی کو مبارکباد پیش کررہا ہوں جنہوں نے اس خصوصی شمارہ کا اہتمام کیا، یہ ہم سب کی جانب سے شکریہ کے مستحق ہیں۔
مولانا وصی اللہ مدنی نے کہا: مولانا عبدالوہاب خلجی کی علمی و دعوتی اور عبقری شخصیت کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے، آپ گونا گوں خوبیوں کے مالک اور اپنے بعد کے لوگوں کے لئے اسوہ و نمونہ تھے، آپ ہماری جماعت کی آبرو اور چیدہ و چنیدہ علماء میں سے تھے جن کے وجود پر ملک و ملت کا ہر سنجیدہ صاحب خوش فکر کو فخر تھا، ذمہ دران مرکزالتوحید نے مولانا خلجی کی حیات و خدمات پر خصوصی شمارہ کا اجراء کرکے ایک اہم خدمت انجام دی ہے، ہم انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
مہتمم جامعہ ڈاکٹر سعید احمد اثری نے علماء کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ خصوصی شمارہ آپ کے ہاتھوں میں ہے عین ممکن ہے کہ خلجی صاحب رحمہ اللہ کی تنظیمی صلاحیتوں، خدمات جلیلہ اور حکمت عملی وغیرہ سے کچھ فائدہ حاصل کیا جاسکے اور تاریخ میں سنہری یادیں باقی رہ سکیں۔
اس تقریب کا آغاز عزیزم ارشد اکرم  کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، ذمہ داران و اراکین مرکز اورشہر کے معززسامعین نے اس تقریب اجراء میں شرکت فرمائی اور علماء کے تاثرات سے مستفید ہوئے۔ 

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter