جدہ: رواں عمرہ سیزن کے دوران 25لاکھ سے زائد زائرین سعودی مملکت آ چکے

18 جنوری, 2019

جدہ(18 جنوری 2019ء) وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن یعنی یکم محرم الحرام 1440ھ سے 9 جمادی الاول 1440ھ تک تقریباً ستائیس لاکھ فرزندانِ توحید کوعمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔ جن میں سے اب تک 25 لاکھ 17 ہزار 623 افراد مملکت آ چکے ہیں، جن میں سے 21 لاکھ 38 ہزار 501 معتمرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن کو رخصت ہو چکے ہیں۔گزشتہ سال کے مقابلے میں محرم سے لے کر ربیع الثانی کے آخر تک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں 3.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔عمرہ سیزن کے آغاز سے لے کر 17 جنوری 2019ء تک پانچ ماہ کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں میں پاکستانی سرفہرست رہے ہیں۔ جن کی گنتی 9 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والوں کی گنتی 7 لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔

تیسرے نمبر پر بھارت ہے جس کے بعد ملائیشیا، یمن، الجزائر، ترکی، بنگلہ دیش، امارات اور مصر کے معتمرین کا نمبر ہے۔ وزارت حج کے مطابق رواں سال معتمرین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ زائرین نے اس موقع پر خادمین حرمین شریفین کی جانب سے زائرین کے لیے قیام و طعام اور سفری انتظامات کو بہت عمدہ قرار دیا۔ اس کے علاوہ حرمین ٹرین کے منصوبے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مابین سفر آرام دہ بنانے کے لیے انقلابی اقدام ٹھہرایا ہے۔معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت کی جانب سے کسی پریشانی یا شکایت کی صورت میں حرمین میں قائم شدہ وزارت حج و عمرہ کے ذیلی دفاتر میں موجود اہلکاروں سے رابطہ کیا جا سکتا ہے، جہاں درجنوں زبانوں کے جاننے والے افراد زائرین کی پریشانی کا ازالہ کرنے کے لیے موجود ہیں۔ اس مقصد کے لیے 992 ، ای میل یا سوشل ویب سائٹس سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter