ریاض(28فروری 2019ء ) سعودی مملکت میں سجل تجاری کی خلاف ورزی کے مرتکب افرا د کے خلاف قانون کا گھیرا تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ وزارت تجارت و سرمایہ کے انسپکٹرز مختلف مقامات پر چھاپے مار کر سعودیوں کے نام سے غیر قانونی کاروبار کرنے والے غیر مُلکیوں کو گرفتار کر رہے ہیں۔ وزارت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سکاکا میں ایک سعودی کی ملی بھُگت سے اُس کے نام سے اپنا ریستوران چلانے والے اُردنی شہری کی مقامی اخبارات میں تشہیر کرا دی گئی ہے۔ یہ اُردنی شہری علی الزریقات ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ چلا رہا تھااور اس کا مالک ایک سعودی کو ظاہر کر رکھا تھا۔ عدالت نے الزام ثابت ہونے پر اُردنی شہری کو تین ماہ قید، ریسٹورنٹ کی بندش اور مملکت سے بے دخلی اور آئندہ داخلے پر پابندی کی سزا سُنا دی۔
ایک اور کارروائی میں شامی شہری حمد الابراہیم کو 80ہزار ریال جرمانے، کاروبار کی بندش، مملکت سے بے دخلی اور بلیک لسٹ کیے جانے کی سزا سُنائی گئی۔
شامی شہری ایک سعودی شہری فیصل بن حماد الحارثی کے نام سے ریاض میں ٹھیکے داری کا کام کر رہا تھا۔ سعودی شہری کو کاروبار کا اجازت نامہ منسوخ کرنے اور سجل تجاری ختم کرنے کی سزا دی گئی ہے۔ اور دونوں ملزمان کی تشہیر بھی کروائی گئی ہے۔ جبکہ ایک اور مقدمے می شامی شہری وسیم العمر اور سعودی شہری محمد الشمری کی مقامی اخبارات می تشہیر کروائی گئی ہے۔ سعودی شہری محمد الشمری نے شامی شہری کو اپنے نام سے اشتہارات کی کمپنی کھُلوا کر دے رکھی تھی۔ جس پر دونوں کو عدالت نے کاروبار ختم کرنے، جرمانہ، سجل تجاری کی منسوخی اور دیگر سزائیں سُنا دیں۔
آپ کی راۓ