مکّہ مکرمہ(3 مارچ 2019ء ) مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخڈاکٹر اُسامہ خیاط نے گزشتہ روز خطبۂ جمعہ کے دوران مسلمان اُمّہ کو تلقین کی ہر مسلمانوں کو اپنے ظاہر و باطن اور تنہائی اور محفل میں خُدا ترسی سے کام لینا چاہیے۔ اپنے اس ایمان افروز خطبہ میں اُنہوں نے مزید کہا کہ ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ خود سمیت اپنے گھر والوں سے بھی اسلامی احکامات کی تعمیل کروائے۔اہلِ ایمان کو غیر مُسلموں سے منفرد اور جُدا کرنے والی خوبیاں زندہ دِلی، رُوح کی پاکیزگی اور احساس مندی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں مسلمانوں کو اکثر مقامات پر ’اہل ایمان‘ کہہ کر مخاطب کیا ہے، یعنی اللہ اپنے ایمان والوں بندوں کو زیادہ محبوب اور قریب رکھتا ہے۔ ایک آیت میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ اے ایمان والو! خود کو اور اپنوں (اہلِ خانہ) کو دوزخ سے بچاؤ جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہوں گے۔
یہ اللہ کی جانب سے ہمیں بہت بڑی نصیحت ہے، ہمیں اس پر بہت دھیان دینے کی ضرورت ہے۔ اپنی ذات اور اپنی اولاد و رشتہ داروں کو دوزخ کے عذاب سے بچانے کے لیے ہر ممکن سعی کرنا مسلمان کی ذاتی اور گھریلو ذمہ داری بنتی ہے۔ اس غیر معمولی فرض کو پُورا کرنا ہر انسان پر فرض ہے جو اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتا ہے اور(روزِ محشر میں) اُس سے ملاقات پر بھی یقین رکھتا ہے۔جزا اور سزا کے عقیدے پر یقین رکھنے والے ہر فرد کو اپنے بیٹے بیٹیوں اور دیگر رشتہ داروں کو دوزخ کے عذاب سے بچانے کی پُوری فکر کرنی چاہیے۔ اگر کسی شخص سے گناہ اور بُرائی سرزد ہوئی ہے تو اُسے سچی توبہ کا اہتمام کرنا چاہیے۔ سچی توبہ سے مراد ایسی توبہ ہے جس سے انسان گُناہوں سے ہمیشہ کے لیے دُور ہو جائے اور اپنے کیے پر بہت زیادہ نادم ہو۔ کسی کی حق تلفی کر بیٹھا ہو تو اس کا حق لوٹا دے۔ اپنی ذات کا ہر دم محاسبہ کرے۔ نیکو کاروں کی صحبت اختیار کرے۔ اپنے بچے بچیوں کو ممنوعہ کاموں سے روکے اور اُنکی رہنمائی کرے۔ ضرورت پڑنے پر اُن کی ڈانٹ ڈپٹ بھی کرے اور اُن کے دوستوں اور دیگر ملنے والوں پر نظر رکھے۔ اولاد کو بے لگام نہیں چھوڑنا چاہیے۔
آپ کی راۓ