الہفوف کا 463برس قدیم ابراہیم محل فن تعمیر کا شاہکار
15 اپریل, 2019
الہفوف کا ابراہیم محل جسے ’’ابراہیم کا قلعہ ‘‘ بھی کہا جاتا ہے ۔ 463برس سے جدید و قدیم فن تعمیر کے شاہکار کے طور پر سعودیوں اور غیر ملکیوں کی دلچسپی کا باعث بنا ہوا ہے ۔
ابراہیم محل 963ھ مطابق 1555ء کو16500مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا گیا تھا۔یہ الاحساء کے قابل دید تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے ۔
‘‘محل کس نے تعمیر کرایا’’
ابراہیم محل متعدد عسکری تنصیبات پر مشتمل ہے ۔ ابراہیم بن عفیصان نے اسکی تعمیر و نو 1216ھ مطابق 1801ء میں کی تھی ۔ بعض مورخین غلطی سے یہ محل انہی کے نام سے منسوب کئے ہوئے ہیں ۔ ابراہیم محل الاحساء کے فن تعمیر کا منفرد شاہکار ہے ۔ محل وقوع کے حوالے سے دنیا کی اہم تجارتی شاہراہ پر واقع ہے ۔
بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے 1331ھ میں الاحساء پہنچنے پر اس قصر میں مذہبی رنگ کا اضافہ کیا ۔ اس کا اظہار دائرہ نما عمارتوں اور اسلامی طرز تعمیر کے نمائندہ گنبدوں سے ہوتا ہے ۔
ابراہیم محل کی تعمیر میں مقامی خام مواد استعمال کیا گیا ۔ اس کی دیواریں ایسے گارے سے بنائی گئی ہیں جس میں بھوسہ شامل ہے ۔ چھت پتھروں ، کھجور کی شاخوں سے تیار کی گئی ہے ۔
ابراہیم محل میں ایک مسجد بھی ہے اس کے متعدد گنبد ہیں ۔ یہ فصیل کے برابر میں تعمیر کی گئی ہے ۔ اس میں گنبد نما بڑا سے حمام بھی ہے ۔ اس کا مینارہ اونچا ہے ۔ بلندی تک پہنچنے کیلئے دائرہ نما سنگ زینہ بنایا گیا ہے ۔ مینارے کے اوپر موذن کا کمرہ ہے جسے لکڑی کے پردوں سے سجایا گیا ہے ۔ محل کی مسجد فن تعمیر کا خوبصورت نمونہ ہے ۔
مسجد کے مشرق کی جانب تیسرا دالان بنا ہوا ہے ۔ مسجد کے صدر دروازے پر سائبان قائم کیا گیا ہے ۔ یہ دیوہیکل لکڑی کا گیٹ ہے جسے لکڑی کی کنجی سے بند کیا جاتا ہے ۔ مسجد کے قریب گنبد نما ایک اور عمارت ہے ۔
ابراہیم محل میں متعددہال ہیں ۔ عمارت چوکور شکل کی ہے ۔اس پر دائرے کی شکل میں گنبد بنا ہوا ہے۔ محل میں اصطبل بھی ہیں ۔ افسران کے آرام کیلئے کمرے اور گولہ بارود کا گودام بھی ہے ۔ رابطہ جات کا کمرہ ، طہارت خانے اور متعدد برجیں بھی ہیں ۔
ابراہیم محل کا صدر دروازہ سادہ انداز کا ہے ۔ بڑے دروازے کے بعد ایک اور دروازہ ہے ۔ یہ بڑے سائز کا ہے یہاں بہت ساری پینٹنگز بنی ہوئی ہیں ۔
ابراہیم محل میں الاحساء کی فوجی چھائونیاں بھی ہیں ۔ ان کے درمیان میں دہرے زینے والا بڑا مقصورہ ہے ۔ یہ افسران کیلئے مخصوص ہے ۔ اسی لئے اسے کمانڈروں کا مقصورہ کہا جاتا ہے ۔یہ محل کی فصیل کے درمیان میں واقع ہے ۔ یہ 4کمروں کا مجموعہ ہے ۔ ان میں سے 2نیچے کی طرف اور 2اوپر کی طرف بنائے گئے ہیں۔ ہر 2کمروں کے درمیان استقبالیہ ہال بنایا گیا ہے ۔
‘‘ابراہیم محل سیاحوں کیلئے کھولا جائے گا ’’
محل میں چوکیاں بھی ہیں ۔ ان میں متعدد روشن دان ہیں جن سے پورے خطے کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاتی ہے ۔ بندوقوں اور توپوں کیلئے دہانے بھی بنے ہوئے ہیں ۔ محل میں کئی بار اصلاح ومرمت ہو چکی ہے ۔
ابراہیم محل سیاحوں کیلئے کھولا جاتا ہے ۔ سیاحوں کو محل کے ایک ایک حصے میں جانے کی اجازت ہے ۔ سعودی محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ ابراہیم محل کے تعارف اور اس کے نوادر سے رائے عامہ کو آگاہ کرنے کیلئے کانفرنسیں اور سیمینار کرتا رہتا ہے ۔
آپ کی راۓ