سعودی عرب میں لاٹری نکل آئے تو” لاس اینجلس کی پہلی پرواز “

19 اپریل, 2019
معلومات کی بروقت فراہمی کے علاوہ تفریح بھی سوشل میڈیا کا ایک دلچسپ پہلو ہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ سعودی عرب میں دیکھنے آیا جہاں ٹویٹر ٹائم لائنز پر جمعرات کے روز دلچسپ سوال پوچھا جاتا رہا جس میں صارفین سے پوچھا گیا تھا کہ ان کی دس لاکھ ریال کی لاٹری نکل آئے تو کیا کریں گے؟
انٹرنیٹ استعمال سے متعلق اعداد وشمار کے مطابق 11ملین سعودی ٹویٹر استعمال کرتے ہیں۔ ان میں مردوں کی تعداد 70 لاکھ جب کہ خواتین 40 لاکھ ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین سے پوچھے گئے دلچسپ سوال میں کہا گیا تھا کہ اگر ان کی دس لاکھ ریال کی لاٹری نکل آئے تو کیا کریں گے؟
جواب دینے والوں میں جہاں متعدد صارفین نے لاٹری میں حاصل ہونے والی ممکنہ رقم کے استعمال بتائے وہیں کچھ ایسے بھی تھے جنہیں یہ رقم کم لگی۔ شادی الورد نامی ہینڈل نے اپنے تبصرہ میں لکھا کہ 10لاکھ ریال تو معمولی رقم ہے۔ اسے ایک بلین ریال کردیا جائے۔
رقم کی کمی کی شکایت کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے دیگر صارفین کا کہنا تھا کہ وہ سنجیدہ نہ ہوں یہ ٹرینڈ محض ہنسی مذاق کے لیے ہے۔
ممکنہ انعامی رقم پانے کے کچھ خواہشمند ایسے بھی تھے جو اسے اپنی پسندیدہ شخصیات پر خرچ کرنے کے ارادے ظاہر کرتے نظر آئے۔ ‘وجدی القدسی’ نامی صارف نے ٹویٹ کیا کہ ‘میں یہ رقم فایا یونان کو دے دوں گا۔’ فایا یونان ایک کم معروف شامی گلوکارہ ہیں جو اپنی خوبصورت آنکھوں کے باعث منفرد شناخت رکھتی ہیں۔ وجدی القدسی نے گلوکارہ کی شناخت بتاتے ہوئے کہا کہ ‘وہ فایا یونان جس کی حسین سبز آنکھوں میں ڈوب جانے کو دل کرتا ہے۔’
بندر ایم ٹی بھی رقم کے استعمال کے معاملہ میں وجدی القدسی کے حامی نظر آئے انہوں نے لکھا کہ ‘میں ٹویوٹا یارس خرید کر ان بے چاری لڑکیوں کو دے دوں گا جن کو گاڑی چلانی آتی ہے۔’
بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ رقم خرچ کرنے کی بات ہو اور پسندیدہ مقامات کے تذکرے نہ ہوں، اس ٹرینڈ میں بھی یہی معاملہ رہا جس کی نشاندہی طیف الذیابی کی ٹویٹ میں ہوئی۔ ہالی وڈ کے میزبان علاقے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ‘لاس اینجلس کی پہلی پرواز پکڑوں گا اور دنیا سے رابطے منقطع کرلوں گا۔’
ٹرینڈ میں حصہ لینے والے کچھ صارفین ایسے بھی تھے جو اپنی قسمت کی شکایت کرتے رہے۔ بوزنگ نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ‘آگ لگا دوں گا۔’ جب کہ عبد اللہ نامی صارف نے شکوہ کیا کہ ’10لاکھ ریال ہاتھ میں آتے ہی میرا حادثہ ہوجائے گا اور میں مرجاوں گا۔’
آپ بتائیں، اگر آپ کی 10 لاکھ ریال کی لاٹری نکل آئے اس سے کیا سلوک کریں گے؟

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter