بھارت: معروف عالم دین مولانا عبد الوہاب خلجی نے داعئ اجل کو لبیک کہا

مولانا خلجی کی رحلت عالم اسلام کا عظیم خسارہ: مولانا محمد ہارون سلفی

13 اپریل, 2018

نئی دہلی (کئیر خبر) ۱۳؍ اپریل
بھارت کے معروف عالم دین مولانا عبد الوہاب خلجی نے طویل علالت کے بعد آج داعئ اجل کو لبیک کہہ دیا، ان کے انتقال کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، آخری دیدار اور نماز جنازہ میں شرکت کے لئے ہند ونیپال کے مختلف علاقوں سے ہزاروں عقیدتمندوں اور سوگواروں کا قافلہ سوئے دہلی روانہ ہوگیاہے۔
مولانا خلجی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ۱۵ برسوں تک ناظم اعلی رہے، اس دوران انہوں نے ملک گیر دعوتی وتنظیمی دوروں کے ذریعے جمعیت کو مستحکم کیا، دینی کتابوں کی نشر واشاعت میں بھر پور حصہ لیا ۔ وہ تمام مسالک میں مقبول تھے، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن تھے، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کورٹ ممبر ، ملی کونسل کے ڈپٹی سکریٹری جنرل، جامعہ سلفیہ بنارس کے عاملہ رکن رہ چکے تھے، بھارت سے باہر ۳۰ ملکوں میں ہندستانی مسلمانوں کی نمائندگی کی، ایک مخلص دینی رہنما اور قائد سے بھارتی مسلمان محروم ہو گئے ، وہ نیپال میں منعقد درجنوں سمیناروں اور کانفرنسوں میں شرکت کر چکے تھے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال کے امیر مولانا محمد ہارون سلفی نے مولانا خلجی کی رحلت کو عالم اسلام کا عظیم خسارہ بتایا، انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ ایک عظیم داعی اور رہنما سے محروم ہوگئی، انہوں نے تمام مسلمانوں سے ان کے لئے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter