امریکی وزیر دفاع ماریک ایسپر کا کہنا ہے کہ حوثی یمن میں سفاکیت کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ حوثیوں کو ایران حرکت میں لا رہا ہے۔
جمعے کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب حوثی ملیشیا کے حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا پورا حق رکھتا ہے جو تقریبا روزانہ کی بنیاد پر مملکت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ یمن کے عبوری دارالحکومت عدن میں حالیہ ایام میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور یمنی بھائیوں میں پھوٹ گہرے افسوس کا باعث ہے۔ سعودی عرب نے اس بات پر زور دیا کہ یمن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوئی بھی کوشش مملکت اور خطے کی سلامتی اور استحکام کے لئے خطرہ ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘ایس پی اے’ کے مطابق مملکت جنوبی یمن میں رونما ہونے والے واقعات کا باریکی سے جائزہ لے رہی ہے۔ سعودی عرب نے جنوبی یمن میں آئینی حکومت اور عبوری انقلابی کونسل کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے اور ریاض ان اختلافات کو دور کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کر رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب جنوبی یمن میں آئینی حکومت عبوری انقلابی کونسل کے درمیان بات چیت اور مصالحت کی کوششیں آگے بڑھانے کی کوششیں جاری رکھے گا۔ جنوبی یمن اور عدن سمیت تمام علاقوں میں آئینی حکومت کی رِٹ بحال کرنے اور تمام سرکاری، عسکری اور نجی اداروں پر حکومتی کنٹرول بحال کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سعودی عرب نے فریقین میں جنگ بندی کو آگے بڑھانے اور امن کے لیے فوری اور غیر مشروط عزم کی ضرورت پرزور دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ برادر یمنی عوام کی زندگیوں کو متاثر کرنے والی کسی بھی خلاف ورزی یا طرز عمل کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ ایسی کوئی بھی کوشش یا اقدام جس سے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کو فائدہ ہو قابل قبول نہیں ہوگا۔ مملکت نے زور دے کر کہا ہے کہ مملکت اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو درپیش کسی بھی خطرے سے پوری قوت سے نمٹنے میں دریغ نہیں کریں گے۔
سعودی عرب نے تنازع میں شریک فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بنا کسی تاخیر کے فوری طور پر یمنی حکومت کے ساتھ "جدہ مکالمے” میں شامل ہو جائیں۔ مملکت نے باور کرایا ہے کہ وہ یمنی صدر عبدربہ منصوری ہادی کی حکومت کی قیادت میں یمن کی آئینی حکومت کی سپورٹ اور یمنی عوام کے مفادات کے تحفظ کی کوششیں جاری رکھے گا۔
یمنی حکومت کا خیر مقدم
ادھر یمن کی آئینی حکومت نے جمعے کے روز ایک بیان میں عدن کی صورت حال کے حوالے سے سعودی عرب کے موقف کا خیر مقدم کیا ہے .. اور کہا ہے کہ وہ مملکت کے مطالبے پر پوری طرح عمل کے لیے تیار ہے۔
یمنی حکومت نے جنوبی صوبوں میں جارحیت کو مسترد کرنے کے حوالے سے سعودی عرب کے بیان کو گراں قدر قرار دیا جس میں ریاستی اور عسکری اداروں کو یمنی حکومت کو واپس دیے جانے پر زور دیا گیا ہے۔
آپ کی راۓ