پبلک نیوز: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق پاکستان کے مہنگے ترین کوچ بن گئے۔ ذرائع کے مطابق مصباح الحق کو سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر جتنی تنخواہ اور دیگر سہولیات دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق مصباح الحق پاکستان کے مہنگے ترین کوچ بن گئے۔ پاکستان کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے کوچ مصباح الحق کو معاوضہ بھی سب سے زیادہ ملے گا۔ اپنے دور کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کو ماہانہ 28 لاکھ روپے سے زائد تنخواہ، 2 فرسٹ کلاس ایئر ٹکٹس، ٹریول الاؤنس، موبائل اور ہیلتھ الاؤنس بھی ملے گا۔
واضح رہے کہ سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو پاکستان کرکٹ بورڈ سے ماہانہ 18 ہزار ڈالر ملتے تھے جو مصباح الحق کی تنخواہ کے مساوی ہیں۔ مصباح سے پہلے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس پاکستان کے مہنگے ترین کوچ تھے جنھیں پی سی بی سے 15 ہزار ڈالر ماہانہ ملتے رہے۔
مصباح الحق نے بطور کپتان سب سے زیادہ 56 ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کی قیادت کی جس میں 26 میں انہیں کامیابی جبکہ 19 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ان کی کامیابی کا تناسب پاکستان ٹیم کے دیگر کپتانوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ رہا۔ مصباح کی قیادت میں پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون ٹیم بنی۔ 2016 میں مصباح الحق کوآئی سی سی کرکٹ آف دی اسپرٹ کا ایوارڈ دیاگیا۔
سابق کپتان مصباح الحق نے 8 ٹی ٹوئنٹی اور 87 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی۔ مصباح الحق کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں کریئرکی بہترین رینکنگ چھٹی جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں 7 ویں پوزیشن رہی۔ ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں کی رینکنگ میں مصباح الحق اپریل 2008 میں پہلے نمبر پر آئے اور 313 روز تک اس پوزیشن پر براجمان رہے۔
تین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپس میں گرین شرٹس کی نمائندگی کرنے والے مصباح الحق 2009 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ مصباح الحق کو ون ڈے میں بغیر کسی سنچری کے سب سے زیادہ 5122 رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
آپ کی راۓ