واشنگٹن (۔ 07 اپریل 2020ء) امریکہ میں مسلسل چھٹے روز بھی ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ۔ مزید 1255 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار کا ہندسہ پار کر گئی، 30 ہزار 331 نئے کیسز رپورٹ۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ سے مسلسل چھٹے روز بھی انتہائی دلخراش خبریں آ رہی ہیں۔ کورونا وائرس کی معلومات دینے والی عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں 12 سو 55 نئی ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 871 تک جا پہنچی ہے۔ امریکہ میں مسلسل چھٹے روز بھی ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ تباہ کن اعداد و شمار ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق 30 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد امریکہ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 3 لاکھ 67 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق وائرس زدہ 19 ہزار 671 افراد ایسے ہیں جو صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد میں 8 ہزار 879 افراد ایسے ہیں جو کہ اس وقت تشویشناک حالت میں مبتلا ہیں۔
علاوہ ازیں اسپین، اٹلی، فرانس، جرمنی، بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں بھی بڑی تعداد میں لوگ جان سے گئے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت اٹلی سب سے زیادہ ہلاکتوں کے ساتھ سر فہرست ہے جہاں مہلک وائرس سے 16 ہزار 523 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اسپین 13 ہزار 341 ہلاکتوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آتا ہے جبکہ امریکہ مسلسل ہلاکتوں میں اضافے کے بعد اب تیسرے نمبر پر آ چکا ہے جہاں وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 10 ہزار 871 ہو گئی ہے۔فرانس 8 ہزار 911 ہلاکتوں کے ساتھ چوتھے جبکہ برطانیہ 5 ہزار 373 اموات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ برطانیہ میں کورونا کی وباء سنگین صورت حال اختیار کر گئی ہے جہاں پر کورونا کا شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بورس جانسن کو کورونا کی علامات میں شدت آنے کے بعد حالت بگڑنے پر میڈیکل ٹیم کے مشورے پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں اب انہیں آئی سی یو میں منقتل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگلا ہفتہ قیامت خیز ہونے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے بیماری کے خلاف انسداد ملیریا کی دوائی کا ذخیرہ کرلیا گیا ہے۔
آپ کی راۓ