مکہ مکرمہ( 7 اپریل 2020 ء) دُنیا بھر میں جتنے بھی رشتے ہیں، ان میں ماں کا رشتہ سب سے زیادہ احترام اور محبت والا حصہ ہوتا تھا۔ کیونکہ ماں اپنی ذات کی ساری خوشیاں، دن کا سکون اور رات کا چین اولاد کی پرورش کی خاطر برباد کر دیتی ہے۔ ماں وہ ہستی ہے جو اپنی اولاد کو ذرا سی بھی خراش آتے دیکھ کر بے چینی سے تڑپ اُٹھتی ہے۔اولاد کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہی اس کے سینے میں ٹھنڈک پیدا کرتی ہیں۔ اسی وجہ سے بچے اپنی والدہ کا بہت احترام کرتے ہیں اور ان کی فرمانبرداری میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔ تاہم اس دُنیا میں انسانیت سے عاری لوگوں کی بھی کمی نہیں ہے، جو ماں کے رُتبے اور فضیلت سے بالکل انجان ہوتے ہیں۔ ایسے ہی ایک سعودی نوجوان نے بے رحمی کی انتہا کرتے ہوئے اپنی سگی ماں کو مار ڈالا۔
مکہ کے علاقے شرائع المجاہدین میں ایک سعودی نوجوان نے کسی بات پر طیش میں آ کر اپنی ماں کا گلہ گھونٹ ڈالا اور پھر گھر سے فرار ہو گیا۔ اہل محلہ کو اس بہیمانہ واردات کی خبر مِلی تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع کر دی گئی۔ ملزم نوجوان اپنی گھناؤنی کرتوت دینے کے بعد پیدل ہی فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے فوری طور پر نوجوان کی تلاش شروع کر دی۔آخر یہ نوجوان الجعرانا کے علاقے سے گرفتار کر لیا گیا۔ یہ نوجوان وہاں سے پیدل گزر رہا تھا۔ جب اس کا تعاقب کرنے والی پولیس ٹیم نے اس کی شناخت کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق نوجوان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد اس سے قتل کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی گئی ہیں۔ملزم کی عمر 18 سے 20 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔ اس واقعے نے اہل علاقہ کومغموم اور اُداس کر دیا۔ لوگوں نے اس شیطانی واردات کو انجام دینے والے نوجوان کو سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
آپ کی راۓ