رياض / كيئر خبر
خادم الحرمین الشریفین اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اجازت سے آج سے مسجدِ نبوی ﷺ عام نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔
کورونا وائرس کی وباء کے باعث بند کیے جانے کے تقریباً ڈھائی ماہ بعد مسجدِ نبوی ﷺ نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔
مسجدِ نبوی ﷺ سے آنے والی آج فجر کی اذان معمول سے ہٹ کر تھی، اذان سے پہلے ہی نمازی جوق در جوق مسجد پہنچے جہاں طبی عملے نے مسجد میں داخلے سے پہلے نمازیوں کا درجۂ حرارت چیک کیا۔
حفاظتی انتظامات کے تحت مسجد کی مجموعی گنجائش کے مطابق 40 فی صد نمازیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔
مسجدِ نبوی ﷺ کی انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے، جائے نماز ساتھ لانے اور وضو گھر سے کر کے آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مسجدِ نبوی ﷺ کے ساتھ آج سے سعودی عرب کے دوسرے شہروں کی مساجد میں بھی نماز کی باجماعت ادائیگی شروع ہو گئی ہے لیکن مسجد الحرام کو اب تک عام نمازیوں کے لیے نہیں کھولا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر سعودی حکومت نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرتے ہوئے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ سمیت تمام مساجد میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی اور نمازیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
دوسری جانب 2 ماہ کی بندش کے بعد مقبو ضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ نمازیوں کے لیے کھول دی گئی، جہاں کورونا سے بچاؤ کے لیے نمازیوں کو ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
کورونا کے باعث مارچ میں مسجدِ اقصیٰ نمازیوں کے لیے بند کی گئی تھی۔
آپ کی راۓ