نيويارك/ ايجنسى
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کے بارے میں چونکا دینے والا دعویٰ کیا ہے۔ڈبلیو ایچ او کی ایمرجنسی سروسز کے سربراہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتا ہے۔
پیر کو کوروناوائرس سے متعلق 34 رکنی ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں تعداد میں تبدیلی آسکتی ہے لیکن آخر کار اس کا مطلب یہ ہے کہ دنیا کی بڑی آبادی خطرے میں ہے۔ ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ جنوب مشرقی ایشیاء میں کورونا وائرس کے معاملوں میں اضافے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یورپ اور مشرقی بحیرہ روم میں اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ افریقہ اور مغربی بحر الکاہل کے حالات زیادہ مثبت تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے موجودہ سب سے بہتر اندازے یہی بتاتے ہیں کہ دنیا کی دس فیصد آبادی اس وائرس سے متاثر ہوسکتی ہے۔ اس کے مطابق دنیا کے 76 کروڑ افراد کووڈ۔19 سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ بتادیں کہ ماہرین پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وائرس کے جتنے بھی معاملوں کی تعداد بتائی جارہی ہے در حقیقت اس سے بھی زیادہ لوگ وائرس کا شکار ہیں۔دنیا میں کورونا وائرس مریضوں کی کل تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 35,238,623 افراد کورونا وائرس سے بیمار ہوچکے ہیں۔ اس میں سے 1،038،027 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد اب بھی امریکہ میں ہے جہاں 7،419،594 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ اس کے بعد ہندوستان آتا ہے جہاں 6،623،815 افراد کووڈ 19 سے متاثر ہوئے ہیں۔ تیسرے نمبر پر برازیل ہے یہاں اب تک 4،915،289 افراد کوروناوائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
آپ کی راۓ