کوٹہ/ ايجنسى
ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہرالدین کی گاڑی کوٹہ میں حادثہ کا شکار ہوگئی ہے ۔ یہ حادثہ لال سوٹ کوٹہ میگا ہائی وے پر سوروال تھانہ کے نزدیک پیش آیا ۔ تاہم محمد اظہر الدین اس حادثہ میں بال بال بچ گئے ۔ آپ کو بتادیں کہ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہرین اپنے کنبہ کے ساتھ رننتھ بھور جارہے تھے ۔
دراصل سابق کرکٹر محمد اظہرالدین کی چلتی کار ٹائر نکل جانے کی وجہ سے بے قابو ہوگئی اور وہاں سڑک کنارے واقع ایک ڈھابے میں گھس گئی ۔ اس حادثہ میں اظہر الدین اور ان کے کنبہ کو تو کوئی چوٹ نہیں آئی ہے ، لیکن ڈھابے پر کام کرنے والا چالیس سال احسان زخمی ہوگیا ، جس کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔
اس بھیانک حادثہ کے بعد وہاں بھیڑ جمع ہوگئی ۔ کار کو کافی نقصان پہنچا ، جس کی وجہ سے اظہر الدین کو دوسری گاڑی سے ہوٹل پہنچایا گیا ۔ وہیں پولیس کی اس معاملہ کی جانچ میں مصروف ہوگئی ہے جبکہ اس حادثہ میں ڈھابے پر کام کرنے والے احسان کو اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔
بہر حال سابق کرکٹر محمد اظہرالدین جس کار سے کنبہ کے ساتھ جارہے تھے ، اس پر دہلی کا نمبر پلیٹ لگا ہوا ہے۔ وہیں اس حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد سوروال تھانہ پولیس فورا جائے واقعہ پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا ۔ آپ کو بتادیں کہ محمد اظہر الدین نہ صرف ٹیم انڈیا کے لیجنڈ کپتان اور بلے باز رہے ہیں بلکہ وہ ایک سیاسی لیڈر بھی ہیں ۔ وہ کانگریس کی طرف سے ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں ۔
آپ کی راۓ