ویلنگٹن/ ايجنسى
نیوزی لینڈ نے رواں برس پاکستان میں ’چند‘ میچز کھیلنے پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔ 2021ء کے مصروف ترین مجوزہ شیڈول کے تحت کیویز کو پاکستان سے ستمبر میں ٹی ٹونٹی اور ون ڈے میچز پر مشتمل اوے سیریز کھیلنی ہے، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کورونا وائرس کے باعث عالمی بحران کے باوجود اپنے ملک کا دورہ کرنے پر پاکستان کا ویسے ہی مشکور ہے اور ٹویٹر پر اس کا اظہار بھی کرچکا ہے، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے شکرگزار ہیں جو اس مشکل وقت میں یہاں آئے اور ہمیں مالی طور پر سپورٹ کیا۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ کیوی ٹیم 2003ء کے بعد پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی، اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کچھ میچز پاکستانی سرزمین پر کھیلے جانے کا امکان ہے، اگرچہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن یہ چیز بہرحال ٹیبل پر موجود ہے۔ یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے رواں سال انگلینڈ، بنگلہ دیش اور بھارت کے بھی ٹیسٹ ٹور کرنے ہیں۔
آپ کی راۓ