سدھارتھ نگر/ کیئر خبر/ پریس ریلیز
ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے تمام ذمہ داران و کارکنان اپنے ان اہل ثروت احباب اور غم گسارانِ ملت کی خدمت میں ہدیۂ تشکر و امتنان پیش کرتے ہوئے مسرت و شادمانی محسوس کررہے ہیں کہ جنھوں نے جمعیت کی مخلصانہ اپیل برائے تعاون اساتذۂ مدارس و مکاتب کی خوب تحسین فرمائی، بڑے پیمانے پر اس پیغام کو واٹس ایپ اور فیس بک کے ذریعہ عام کیا، اخلاقی اور مالی تعاون پیش کرکے ہم لوگوں کی حوصلہ افزائی کی، اسی طرح قابل مبارکباد اور شکریہ کے مستحق ہیں ضلعی جمعیت کے تمام حلقوں کے مخلص و قابلِ قدر نظماء وامراء اور ان کے دیگر معاونین و اراکین جن کی شبانہ روز کاوشوں اور مفید مشوروں سے ہمیں یہ نمایاں کامیابی ملی اور ہمارا خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔
اللہ فاضل محسنین و مخیرین اور احباب جماعت کے مال و منال، علم و عمل اور عمر عزیز میں برکت دے اور انھیں خلوص و للہیت کے ساتھ کارخیر کے مشن کو مزید فروغ دینے کی توفیق ارزانی فرمائے-
مستحق اساتذۂ مدارس اور ائمہ مساجد کے اسمائے گرامی کے انتخاب میں شفافیت کی خاطر ضلعی جمعیت کے صدر دفتر سے ایک فارم برائے شخصی معلومات اساتذۂ مدارس جاری کیا گیا تھا اور ہر حلقہ کے امیر و ناظم کے باہمی مشوروں سے دس دس افراد کے نام مع ضروی تفصیلات طلب کیے گئے تھے اور ناظم جمعیت نے مورخہ : 18 فروری2021ء بروز جمعرات ضلعی جمعیت کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں اس فارم کو پر کرکے ہمراہ لانے کی درخواست کی تھی۔ معزز شرکائے میٹنگ نے موصول تعاون کی رقم کی تخصیص اور تقسیم کے طریقۂ کار پر گفتگو کرتے ہوئے یہ طے کیا کہ فی کس دوہزار اور ناظم حلقہ کی معاونت اور وساطت سے مستحقین تک یہ رقم پہنچائی جائے، ضلع کے تمام حلقوں سے آئے ہوئے مستحق اساتذۂ مدارس اور ائمہ مساجد کے اسماء کی کل تعداد ستر سے متجاوز ہے اور بعض احباب اپنی باری کے انتظار میں ہیں، تعاون کی تقسیم کا آغاز سب سے پہلے جمعیت اہل حدیث حلقہ بانسی اور ناظم حلقہ جناب مولانا عبدالرب سلفی کی نگرانی اور ذمہ داری میں کیا گیا، رواں ہفتے میں یکے بعد دیگرے تمام حلقوں کے نظماء کی نگرانی اور بعض ذمہ داران جمعیت مولانا عبدالرب سلفی ،نائب ناظم، مولانا عبدالرحمن اثری، خازن، مولانا ابوبکر سلفی ،داعی وآفس سکریٹری کی موجودگی میں تعاون تقسیم کرنے کا یہ کام مکمل کر لیا جائے گا، ان شاء الله تعالى،
محسنین کرام کے گراں قدر مالی تعاون کا سلسلہ ہنوز جاری ہے، دوسری قسط بھی جلد ہی نظمائے حلقہ و ہمدردانِ جمعیت کے توسط اور باہمی مشوروں سے دیگر مستحقین اور ضرورت مند حضرات تک نہایت ہی خاموشی سے پہنچانے کی حتی المقدور کوشش کریں گے۔
جمعیت کی اس فنڈ میں جملہ آمد و صرف کی تفصیل صدر دفتر میں موجود ہے، اہل خیر احباب ناظم جمعیت سے اس کی تفصیل معلوم کر سکتے ہیں، البتہ عزت نفس کے پیش نظر امداد یافتگان اساتذۂ مدارس، ائمہ و خطبائے مساجد کے اسمائے گرامی نشر نہیں کیے جائیں گے۔
کشادہ دست اور معماران قوم و ملت کے قدر دانوں سے دوبارہ گزارش ہے کہ جمعیت کی اس تحریک و مشن سے خود کو منسلک کریں، اسے مضبوط کریں اور اپنے عطیات اور صدقہ و خیرات کے ذریعہ اپنی قوم کے بہترین لوگوں کی دل کھول کر مدد کریں، یہ آپ کے لیے صدقہ جاریہ ہوگا اور اللہ آپ کو دنیا و آخرت کی سعادتوں سے شاد کام کرے گا۔
(مولانا) محمد ابراہیم مدنی(امیر جمعیت)
وصی اللہ عبدالحکیم مدنی (ناظم جمعیت)
آپ کی راۓ